اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت عارف علوی نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کو ایوان صدر میں منعقدہ پروقار تقریب میں اعلی ترین سول ایوارڈ "نشان پاکستان" سے نوازا۔
پاکستان کے دیرینہ برادر ملک قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کو باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے نشان پاکستان عطا کیا گیا۔ اس حوالے سے ایوان صدر میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں چیئرمین سینٹ، سپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزرا اراکین اسمبلی اور اعلی سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔
قبل ازیں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی صدر مملکت سے ملاقات کیلئے ایوان صدر پہنچے تو صدر ڈاکٹر عارف علوی نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا اور روایتی لباس پہنے بچوں نے امیر قطر کو پھول پیش کئے۔
ایوان صدر میں دونوں رہنماوں کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی، اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری، وفاقی وزرا اور دیگر اہم شخصیات بھی ایوان صدر میں موجود تھیں۔