کوئٹہ: (دنیا نیوز) صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ سانحہ ہزار گنجی جیسے واقعات کے بعد بھی عوام کی یکجہتی نے دشمن کی سازش کو ناکام بنا دیا۔ پاکستان کا آئین ہر باسی کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ نیشنل ایکشن پلان پر من وعن عمل کرتے ہوئے ہر باسی کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔
کوئٹہ میں سانحہ ہزار گنجی کے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے لیے صدر مملکت عارف علوی امام بارگاہ ولی عصر پہنچے، گورنر بلوچستان جسٹس (ر) امان اللہ یاسین زئی، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور صوبائی وزرا ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں تاہم اللہ کا شکر ہے کہ اتنی قربانیوں کے بعد بھی عوام میں کوئی تفریق پیدا نہیں ہوئی، شہداء کے ورثا سے تعزیت کے لئے کوئٹہ آیا ہوں۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ مجھے بے چینی تھی کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ہزارہ برادری کے ساتھ پیش آنے والے اس سانحہ پر ذاتی طور پر تکلیف پہنچی ہے تاہم ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عمل کرتے ہوئے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنیایا جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کی اس ملک کیلئے قربانیاں ایک احسان اور اس کا کوئی نعم البدل نہیں ہو سکتا۔