پاکستان مظلوم کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا:‌ صدر مملکت

Last Updated On 13 April,2019 09:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 139 ویں پی ایم اے لانگ کورس کی پاسنگ آوٹ پریڈ ہوئی۔ صدر مملکت عارف علوی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اپنے خطاب میں صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں، حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں مسلح افواج نے اس کا بھرپور ثبوت دیا۔ پاکستان مظلوم کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 139 ویں پی ایم اے لانگ کورس کی پاسنگ آوٹ پریڈ میں صدر مملکت عارف علوی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے صدر مملکت کو سلامی دی۔

صدر مملکت عارف علوی نے تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک فوج دنیا کی کامیاب جنگ لڑنے والی فوج ہے، آپریشنل تیاریوں اور موثر جواب نے دشمن کے مذموم عزائم کو شکست دی۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کو درپیش تمام چیلنجز سے آگاہ اور ہر قسم کی جارحیت کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں مسلح افواج نے اس کا بھرپور ثبوت دیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتے ہیں لیکن قومی سلامتی کے حوالے سے کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف جنگ لڑتے رہیں گے۔ پاکستان اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔

تقریب میں سری لنکا اور سعودی عرب کے کیڈٹس بھی پاس آوٹ ہوئے۔ بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر اکیڈمی سینئر انڈر آفیسر حیدر علی خان کو جبکہ صدارتی گولڈ میڈل بٹالین سینئر انڈر آفیسر محمد عمر خان نے حاصل کیا۔

 

 

Advertisement