اسلام آباد: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف قرارداد پر منگل مورخہ 23 جولائی سے شروع ہونے والے سیشن میں ووٹنگ نہیں ہوگی، اپوزیشن کا قرارداد ایجنڈے میں شامل کرنےکا مطالبہ مسترد کر دیا گیا ہے، اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کل معاملے پر سر جوڑ کر بیٹھے گی۔
سینیٹ سیکریٹریٹ ذرائع کے مطابق ریکوزیشن اجلاس کا ایجنڈا پیر کو تیار کیا جائے گا۔ ایجنڈے میں چئیرمین سینیٹ کو ہٹانے کی قرارداد شامل نہ ہونے کا امکان ہے۔
منگل سے شروع ہونے والے سیشن میں چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی تحریک پر صرف بحث ہوگی۔ چیئرمین اور ڈپٹی چئیرمین کو ہٹانےکی قراردادوں پر ووٹنگ معمول کے اجلاس میں ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹ کا معمول کا اجلاس رواں ماہ متوقع ہے۔ چئیرمین سینیٹ نے اس کے لئے وزارت پارلیمانی امور کو یاد دہانی کا خط بھجوا دیا ہے۔ چئیرمین اور ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کو ہٹانے کی قراردادوں پر ووٹنگ خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگی۔