لودھراں: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ صادق سنجرانی بہت اچھا کام کر رہے ہیں، وہی چیئرمین سینیٹ رہیں گے۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے کئی رہنما سمجھتے ہیں کہ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک سیاسی انتقام ہے۔
لودھراں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خصوصی دعوت پر امریکا گئے ہیں۔ وزیراعظم کے دورہ امریکا سے دونوں ملکوں کے درمیان دوریاں کم ہوں گی۔
جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے اپنے کئی رہنما اربوں کی کرپشن کرتے پکڑے گئے ہیں۔ اپوزیشن رہنماؤں کے کرتوت اب سامنے آ رہے ہیں۔ احتساب کا عمل سب کے لیے اور بلا تفریق ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کرپشن کے خلاف جنگ کر رہے ہیں جبکہ اپوزیشن لوٹ مار سے جمع شدہ دولت بچانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ جہانگیر ترین نے فاٹا کے پرامن الیکشن کے انعقاد پر فوج اور انتظامیہ کو بھی مبارکباد پیش کی۔