اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے حکام کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ روٹی کی قیمت میں اضافے کی کوئی وجہ نہیں، صوبائی انتظامیہ اس پر عملدرآمد یقینی بنائے۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیا، اس اضافے سے معاشرے کا غریب طبقہ براہ راست متاثر ہوا۔
وزیراعظم کے نوٹس کے بعد اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا، اب روٹی نان کی جو قیمت پہلے تھی وہی وصول کی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر نے بھی وضاحت دی تھی کہ آٹے پر ٹیکس نہیں لگایا گیا۔ صوبائی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے روٹی کی قیمت میں اضافہ نہ ہونے کو یقینی بنایا جائے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ جولائی میں گیس بلوں میں اضافہ نہیں کیا گیا، اضافی آنے والے بل واپس لے لیے جائیں گے۔