اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا مصروف ترین دن، سنجرانی، گورنر سندھ اور دیگر شخصیات کی ملاقاتیں، اسلام آباد ماسٹر پلان اور سیاحت کے حوالے سے اجلاسوں کی صدارت بھی کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں شہر اقتدار کے ماسٹر پلان پر نظر ثانی پر غور کیا گیا۔ سیاحت کے حوالے سے ٹاسک فورس اجلاس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیاحتی مقامات کو عالمی سطح پر اجاگر اور سیاحوں کے لیے بین الاقوامی معیار کی سہولیات پر توجہ دی جائے تاہم قدرتی حسن متاثر نہ ہونے دیا جائے۔
شہر اقتدار کے ماسٹر پلان سے متعلق اجلاس میں وزیراعظم نے شہر کے بے ہنگم پھیلاؤ سے پیدا مسائل پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ گرین ایریاز کے تحفظ کے لئے فوری اقدامات کیے جائیں۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اراکین کا چیئرمین پر اعتماد خوش آئند ہے، امید ہے چیئرمین سینیٹ اپنے فرائض احسن طریقے سے نبھاتے رہیں گے۔
وزیراعظم سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی ملاقات کی جس میں کراچی میں حالیہ بارشوں اور شہر کی صفائی کے حوالے سے اقدامات پر گفتگو کی گئی۔