اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر کلسٹر بموں کے حملے کے بعد کی صورتحال پر غور کیلئے وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس میں وفاقی وزرا، مسلح افواج کے سربراہان، ڈی جی آئی ایس آئی سمیت اعلی سیاسی و عسکری قیادت شریک ہے.
وفاقی دارالحکومت میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس میں وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیرخارجہ، وزیر دفاع، وزیر داخلہ، وزیر برائے امور کشمیر، معاون خصوصی برائے اطلاعات کے علاوہ چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، آرمی چیف، بحریہ و فضائیہ کے سربراہان، ڈی جی آئی ایس آئی سمیت اعلی حکام شریک ہیں۔
قبل ازیں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے ایجنڈے سے متعلق آگاہ کیا تھا، ان کا کہنا تھا قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں کنٹرول لائن پر کلسٹر بموں کے بھارتی حملے سے پیدا شدہ صورتحال پر غور کیا جائے گا جبکہ مقبوضہ کشمیر میں تازہ بھارتی کارروائیوں سے خطے پر اثرات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
وادی نیلم میں بھارت کی جانب سے کلسٹر بم حملے کے بعد قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم عمران خان نے آج طلب کر لیا ہے۔اجلاس میں قومی سلامتی کے امور زیر غور آئیں گے۔
— Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) August 4, 2019