اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر اپوزیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ آج ان کی کرپٹ سیاست مسترد ہوگئی ہے۔
پارلیمنٹ کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں انہوں نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے بغض میں قرارداد پیش کی گئی لیکن آج اپوزیشن کی صفوں میں بغاوت ہوئی اور ان کی کرپٹ سیاست مسترد ہو گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کی بہتری کا ایجنڈا لے کر آئی ہے۔ مشکلات کے باوجود عمران خان ملک کی بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں۔ ان کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا۔