اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شکست خوردہ عناصراپنی ہار کا بدلہ پاکستانی اداروں سے نہ لیں، حاصل بزنجو نے قیام پاکستان کے مہینے میں وفاق کی علامت پر حملہ کیا، ان کے بیان کی مذمت کیلئے قرارداد لائیں گے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ثابت ہو گیا نئے پاکستان میں کرپٹ قیادت نہیں چاہیئے، اپوزیشن کا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ آج دم توڑ گیا۔ ان کا تیر نشانے پر نہیں لگا بلکہ انہی کے سینے میں پیوست ہو گیا۔ اپوزیشن کی صفوں میں آج بغاوت ہو گئی۔
سینیٹر حاصل بزنجو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے فردوس عاشق نے کہا کہ انوھں نے قیام پاکستان کے مہینے میں وفاق کی علامت پر حملہ کیا، قومی اداروں کے سربراہان سے متعلق ایسی گفتگو ملکی مفاد کے خلاف ہے، حاصل بزنجو کے بیان کے خلاف مذمتی قرار داد لائیں گے۔