اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بااثر افراد کیساتھ جیلوں میں ترجیحی سلوک ناانصافی ہے، اس طرح کی روش سے قانون کی عملداری متاثر ہوتی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت قیدیوں کی معاونت کے لئے قائم کردہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں بیرسٹر علی ظفر، سیکرٹری داخلہ میجر (ر) اعظم سلیمان خان اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو کمیٹی کے ضوابطِ کار اور اب تک کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے ملک بھر میں تمام قیدیوں کے کوائف اور تفصیلات جمع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کمیٹی ان تمام قیدیوں کی نشاندہی کرے گی جن کو قانونی یا مالی معاونت کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے ہدایات جاری کیں کہ کمیٹی ایسے افراد کی مدد کرنے کے لئے طریقہ کار وضع کرکے اپنی سفارشات پیش کرے تاکہ بے یارو مددگار اور جرمانہ ادا نہ کرنے کی سکت رکھنے والے قیدیوں کی نشاندہی کرکے ان کی دادرسی کی جائے۔
ان کا کہنا کہ مختلف طبقات کے لئے مختلف قوانین کا اطلاق بہت بڑی ناانصافی ہے، ایسی روش معاشرے کے بنیادی ڈھانچے کو کمزور کرتی ہے۔