اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ منحرف سینیٹرز کے نام عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے چیئرمین سینیٹ کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ منحرف ہونے والے سینیٹرز کے نام بھی عام کریں گے۔ اگر کچھ نام ہمیں پتا لگے تو ان سینیٹرز کے خلاف ضرور ایکشن ہوگا۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ میں نہیں سمجھتا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والے کچھ نام درست ہوں گے۔ ابھی بھی اپوزیشن کے پاس اتنے ہی ووٹ ہیں لیکن کچھ دوست ایسے ہوتے ہیں جن کے پر کہیں اور سے ہلتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ماحول خراب نہیں کرنا چاہتا لیکن ن لیگ کے کچھ دوست اچھے نہیں ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ اپوزیشن ساتھ نہ رہے۔