پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں اب میٹرک اور ایف اے پاس طلبہ و طالبات بھی استاد بن سکیں گے، صوبائی حکومت نے قبائلی اضلاع میں اساتذہ کے لیے کم ازکم تعلیمی معیار میٹرک مقرر کر دیا، قبائلی نوجوانوں میں بھی خوشی کی لہر دوڑگئی۔
خیبرپختونخوا حکومت نے قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نوجوانوں کو باروزگار کرنے کی منصوبہ بندی کرلی، میٹرک اور ایف اے پاس نوجوان اب سرکاری سکولوں میں اساتذہ بھرتی ہو سکیں گے۔ صوبائی مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش کا کہنا ہے کہ قبائلی اضلاع میں پسماندگی کے پیش ںظر اساتذہ کا تعلیمی معیار کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سے قبل تعلیمی معیار بی اے رکھا گیا تھا۔
قبائلی نوجوانوں نے بھی حکومتی فیصلے کو سراہا ہے اور کہا نہ صرف روزگار ملے گا بلکہ قوم کے بچے معیاری تعلیم بھی حاصل کرسکیں گے۔ حکومت فیصلے سے سکولوں میں اساتذہ کی کمی کے حوالے مشکلات کا شکار قبائلی والدین میں بھی خوشی کی لہردوڑ گئی ہے۔ قبائلی اضلاع میں تعلیمی دروازے کھولنے کے لیے 5 ہزار سے زائد اساتذہ بھرتی کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے جس کے یقیناً مثبت نتائج مرتب ہوں گے۔