عالمی برادری کشمیریوں کی نسل کشی روکنے کیلئے کردار ادا کرے، آزاد کشمیر اسمبلی

Last Updated On 08 August,2019 08:23 pm

مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے خلاف قرارداد منظور کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کی نسل کشی روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

مظفر آباد میں قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے حوالے سے مذمتی قراردار وزیراعظم فاروق حیدر نے پیش کی۔

قرارداد میں مقبوضہ کشمیر کے خصوصی درجے کے خاتمے کی مذمت کرتے ہوئے اسے مقبوضہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں کے خلاف اقدام قرار دیا گیا۔

قرارداد میں عالمی برادری سے اپیل کی گئی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں اس کے خصوصی درجے کے خاتمے کے بعد وہاں پیدا ہونے والی صورت حال کا نوٹس لے۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی قرارداد میں کہا گیا کہ بھارت نے ایک کروڑ سے زائد لوگوں کو گزشتہ تین روز سے مقبوضہ وادی اور چناب ویلی میں عملاً بند کر رکھا ہے۔ مقبوضہ علاقے کو پوری دنیا سے کاٹ کر رکھ دیا گیا ہے اور کسی کو معلوم نہیں کہ بھارتی فوج نے گزشتہ تین روز سے ان میں کس طرح کے مظالم ڈھائے ہیں۔
 

Advertisement