منشیات کیس: رانا ثناء اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24 اگست تک توسیع

Last Updated On 09 August,2019 01:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی انسداد منشیات کی عدالت نے رانا ثناء اللہ کیخلاف سی سی ٹی فوٹیج مانگ لی اور رانا ثناء اللہ سمیت دیگر ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24 اگست تک توسیع کر دی۔

منشیات سمگلنگ کیس میں رانا ثنا اللہ و دیگر ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر انسداد منشیات عدالت میں پیش کیا گیا، اے این ایف نے رانا ثنا سمیت دیگر ملزموں کیخلاف چالان کی نقول داخل کیں۔ عدالت نے منشیات سے متعلق سی سی ٹی فوٹیج کے بارے میں استفسار کیا اور ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر فوٹیج پیش کی جائے۔

شریک ملزموں نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں مقدمے کی پیروی کے لئے وکیل کرنے کے لیے مہلت دی جائے۔ عدالت نے شریک ملزموں کی استدعا منظور کر لی اور انہیں وکیل کرنے کیلئے 24 اگست تک وقت دے دیا۔ رانا ثنا اللہ اور ان کیساتھ شریک ملزم کو دوبارہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا۔

دوسری جانب رانا ثنا اللہ کے داماد رانا شہریار کو احاطہ احتساب عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔ سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ کا داماد فیصل آباد میں کیس میں مطلوب تھا۔

Advertisement