سیشن عدالت لاہور: گرفتاررانا ثنا کو گھر کا کھانا دینے کی درخواست مسترد

Last Updated On 22 July,2019 12:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی مقامی عدالت نے منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ کو جیل میں گھر کا کھانا دینے کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے رانا ثناء اللہ کو متعقلہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔

 سیشن جج لاہور قیصر نذیر بٹ نے رانا ثناءاللہ کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت رانا ثناء اللہ کے وکیل فرہاد علی شاہ نے موقف اختیار کیا کہ رانا ثناءاللہ بیمار ہیں، ان کی صحت کے لیے گھر کا کھانا دینے کی اجازت دی جائے، رانا ثناء اللہ کے وکیل نے نشاندہی کی کہ جیل قوانین کے مطابق زیر ٹرائل ملزم کو گھر کا کھانا دیا جا سکتا ہے۔

دوران سماعت جیل حکام نے اپنی رپورٹ جمع کرائی اور بتایا کہ رانا ثناءاللہ کو ان کی صحت کے مطابق کھانا دیا جا رہا ہے اور انکا روزانہ کی بنیاد پر میڈیکل بھی کیا جا رہا ہے، رانا ثناءاللہ کی طبیعیت بالکل ٹھیک ہے۔

عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر رانا ثناءاللہ کے وکیل کو جیل سپرنٹنڈنٹ سے رجوع کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست گھر کا کھانا کھانے کی درخواست مسترد کر دی۔

 

Advertisement