لاہور: (دنیا نیوز) رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت مخالف تحریک میں شامل نہ ہونے والا ملک کا خیر خواہ نہیں، جعلی وزیراعظم کو اب بوریا بستر لپیٹنا ہوگا، ڈو مور کا مطالبہ نہ ماننے پر چیئرمین نیب کونشانہ بنایا گیا۔
مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پارلیمنٹ کو سیلیکٹ پارلیمنٹ بنا دیا ہے، اے پی سی میں اپنی تجاویز پیش کریں گے، اپنی رائے کسی پر مسلط نہیں کرنا چاہتے، بلاول بھٹو نے کہا قدم بڑھاؤ عمران خان ہم تمہارے ساتھ ہیں، مولانا فضل الرحمان کو ہم پارلیمنٹ میں لیکر آئے، سیلیکٹ وزیراعظم کی نا ملک میں عزت ہے نا بیرون ممالک میں عزت ہے۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا جعلی وزیراعظم کو اب اپنا بوریا بستر لپیٹنا ہوگا، نالائق اعظم نے 126 دن اسلام آباد کو مفلوج کیے رکھا اور کہا کہ ہمارے کارکنان کو یہاں آنے سے کوئی نا روکے، کل حکومت کی جانب سے شرمناک حرکت کی گئی، پوری قوم کی ضرورت ہے کہ اس نالائق اعظم سے جان چھڑوائی جائے۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ نالائق اعظم کو اب نا روکا گیا تو پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا، چیئرمین نیب سیلیکٹ وزیراعظم کے کہنے پر اپوزیشن پر ظلم کر رہا تھا، موجودہ جعلی مینڈیٹ کی سیلیکٹ حکومت کے ہوتے ہوئے پاکستان مشکلات سے نہیں نکل سکتا، یہ عدلیہ، نیب اور معیشت کو اور زیادہ نقصان پہنچائیں گے۔