چودھری نثار کا میاں نواز شریف کیساتھ ذاتی تعلق بہت گہرا تھا، رانا ثنا اللہ

Last Updated On 06 May,2019 11:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ چودھری نثار علی خان اور میاں نواز شریف کے درمیان کیا معاملہ ہوا؟ اس بارے میں کچھ علم نہیں ہے۔

رانا ثنا اللہ خان کا دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ گفتگو میں کہنا تھا کہ چودھری نثار علی خان کا مسلم لیگ (ن) میں کردار کم لیکن میاں نواز شریف کے ساتھ ذاتی تعلق بہت زیادہ اور گہرا تھا۔ وہ پارٹی کے معاملات میں بہت کم مداخلت کیا کرتے تھے حتیٰ کہ الیکشن کے دوران بھی وہ بہت کم پارلیمانی بورڈز کی میٹنگ میں شریک ہوتے تھے۔


چودھری نثار علی خان کا میاں نواز شریف کے ساتھ تعلق اتنا گہرا تھا کہ وہ ان کیساتھ وہ باتیں کر جاتے تھے جو کوئی اور نہیں کر سکتا تھا۔ ان کی تنقید اور ایڈوائس کا میاں نواز شریف بے حد احترام کرتے تھے۔

اب ان دونوں کے درمیان کیا معاملہ ہوا، اس بارے میں ہمیں کچھ علم نہیں ہے۔ نہ تو چودھری نثار علی خان سے اس حوالے سے کوئی بات سنی اور نہ میاں نواز شریف سے، جب بھی چودھری نثار کا ذکر ہوا تو نواز شریف نے خاموشی اختیار کی۔