لاہور: (دنیا نیوز) ن لیگ کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کو بغیر کسی قصور کے جیل میں دھکیلا جا رہا ہے۔ افسوس اور دکھ کے موقع پر کارکنوں کی جانب سے بڑا پریشر ہے۔ انھیں سیکیورٹی دی جائے، اگر کوئی نقصان ہوا تو ہم ذمہ دار ہونگے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے دھمکی دی کہ اگر کسی نے ہمارے کارکنوں کو روکا یا گرفتار کیا تو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ آئی جی اور ہوم سیکرٹری جعلی حکمرانوں کے آلہ کار نہ بنیں۔ نواز شریف کے روٹ کو سیکیورٹی دینا آپ کی ذمہ داری ہے۔ تمام راستوں کوکھلا رکھا جائے، کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق آج رات بارہ بجے وقت ختم ہوگا۔ نواز شریف قانون کے مطابق 11 بج کر 59 منٹ تک اپنے آپ کو حوالے کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کارکن جیل کے روٹ پر اظہار یکجہتی کرنا چاہتے ہیں لیکن انتظامیہ کی طرف سے عجیب رویہ اپنایا گیا۔ ایس پی سیکیورٹی نے ہمیں لیٹر بھیجا ہے جس میں روایتی بہانے بنائے گئے ہیں۔