ہم ایک ایک پیسے کا حساب دیں گے، رانا ثناء اللہ

Last Updated On 13 June,2019 07:03 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ہم ایک ایک پیسے کا جواب دیں گے، حکومت صرف سرکاری بسوں اور دوائیوں کا عوام کے سامنے حساب دے دیں۔

 

معاون خصوصی برائے اطلاعات کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فردوس باجی! آپ نے سہی کہا کہ عوام دشمن بجٹ کے بعد عوام کی چیخیں بھی نکلیں اور آرام بھی آ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فردوس باجی! اب بس ہائی پاورڈ انکوائری کمیشن میں پاکستان تحریک انصاف کے 18 جعلی اکاؤنٹس کا حساب بھی دے دینا۔ آپ کے نئے باس بغض سے بھری اور دھمکی آمیز گفتگو اب ہر روز بھی کریں تو عوام دشمن بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم ایک ایک پیسے کا جواب دیں گے، آپ صرف سرکاری بسوں اور دوائیوں کا عوام کے سامنے حساب دے دیں۔ جتنا شور مچا لیں، 10 مہینوں میں پانچ ہزار ارب روپے کے قرضے کا جواب آپ کو دینا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے روز رات بارہ بجے قوم سے خطاب کرائیں، پھر بھی نالائقی نہیں چھُپ سکتی۔ فردوس باجی عوام کو بتائیں کہ عمران صاحب کس حساب سے ڈیڑھ لاکھ ٹیکس دیتے ہیں؟