اسلام آباد: (دنیا نیوز) ن لیگ کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ ساہیوال واقعے کو دبانے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ یہ حکومت عوام اور جمہوریت دشمن حکومت ہے۔ عالمی منڈی میں تیل مصنوعات میں کمی آ رہی ہے یہاں اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ حکومت سستے بازار کنٹرول نہیں کر سکتی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پنجاب کو بنی گالا میں بیٹھی غیر منتخب ٹیم چلا رہی ہے۔ پنجاب وہی سے چلتا ہے یہاں صرف مٹی کا ڈھیر ہے۔ ترجمان وزیراعلیٰ کی تعیناتی بھی وزیراعظم کی ہدایت پر ہو رہی ہے۔
ساہیوال ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں بچوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بچوں کی اموات صحیح نہیں بتائی جا رہیں، ابھی تک یہ ہی نہیں معلوم واقعے کی انکوائری کون رہا ہے؟ واقعے میں ابھی تک کسی کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا نہ ایکشن لیا گیا۔ پرانے پاکستان میں اس طرح کے واقعے پر ایکشن ہوتا تھا۔
رانا ثناء اللہ نے مطالبہ کیا کہ بچوں کی اموات پر مقدمہ درج ہونا چاہیے۔ بچوں کی جانیں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی غفلت سے گئی۔ اس واقعے کو کسی طور پر دبانے نہیں دیں گے۔ آپ تو دوسروں ملکوں کی مثالیں دیتے تھے کہ وہاں وزیراعظم مستعفیٰ ہوتے ہیں۔ اس واقعے کی ذمہ داری کون قبول کرے گا؟