کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزِیر اعلی بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگ آزادی سے زندگی گزار رہے ہیں مگر بھارت میں کشمیریوں زندگی اجیرن ہے، بلوچستان کے لوگ جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔
جام کمال نے بلوچستان اسمبلی کے سبزار پر جشن آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا آج کا دن ماضی کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جب برصیغر کے مسلمانوں نے آزادی کے لئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن پاکستانیوں نے کشمیریوں کی جدو جہد سے منسلک کیا ہے آج بلوچستان سے پیغام گیا ہے کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ جشن آزادی کے موقع پر سب ملک اور صوبے میں شہید ہونے والے سیکیورٹی فورسز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی قربانی کی بدولت آج اس ماحول میں پرامن زندگی گزار رہے ہیں۔
پرچم کشائی کی تقریب میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، آئی جی پولیس محسن حسن بٹ، صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر سکولوں کے بچوں نے ملی نغمے گا کر شرکاء تقریب کے خون کو خوب گرمایا۔ قبل ازیں کوئٹہ میں دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔