لندن: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کشمیر کیلئے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔ مودی کی بے وقوفی سے مسئلہ ایک بار پھر زندہ ہو گیا ہے۔ جدوجہد کرنے والے دہشتگرد نہیں ہوتے وہ آزادی کے لیے لڑنے والے مجاہد ہوتے ہیں۔
لندن میں معاون خصوصی وزیراعظم انیل مسرت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور پاک فوج کا پیغام واضح ہے، کشمیر کی خاطر خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔ کشمیریوں کے ساتھ کھڑے نہ ہونے والا غدار ابن غدار ہو گا۔ اس کا پاکستان کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بھارت میں رہنےوالےمسلمان خوفزدہ ہیں، کشمیری عوام خوراک اور ادویات سے بھی محروم ہیں۔ پاکستانی عوام کشمیریوں بہنوں بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ 72 سال سے وادی کے شہری آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ان کا حق ہے انہیں آزادی دی جائے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ جدوجہد کرنے والے دہشتگرد نہیں ہوتے وہ آزادی کے لیے لڑنے والے فریڈم فائٹر ہوتے ہیں۔ اب جو بھی فیصلہ ہو گا وہ فریڈم فائٹر کا ہو گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم نے متحد ہو کر اپنے کردار کا مظاہرہ کرنا ہے۔ مسلمانوں کو ٹارگٹ بنایا کیا جا رہا ہے۔ متحد ہو کر سب مسائل کا سامنا کر سکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان دوستانہ ماحول چاہتا ہے۔ ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ پاکستان کا بچہ بچہ پاک فوج کیساتھ کھڑا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہماری 75 فیصد ٹیکنالوجی میزائل ہے جبکہ 25 فیصد بائی ایئر ہے جبکہ ہمارے دشمن کی 75 فیصد ٹیکنالوجی بائی ایئر ہے جبکہ 25 فیصد ٹیکنالوجی میزائل والی ہے۔ ایٹمی ہتھیار آتش بازی کے لیے نہیں بلکہ ضرورت پڑنے پر استعمال کیے جائیں گے۔
پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہماری مجبور ہے کہ بھارت میں مسلمان بھی بستے ہیں، ملکی دفاع کرنے کے ہم پابند ہیں۔ ہم کسی گیدڑ بھبھکیوں سے نہیں ڈرتے۔