اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ نیب قوانین میں ترمیم کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے، پلی بارگین کرنے والا شخص دوبارہ اپنے عہدے پر بحال نہیں ہو سکے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ نیب صرف میگا کرپشن کیلئے بنا ہے، کوشش کرینگے اس کا فوکس وہیں تک رہے، عام افراد کے خلاف نیب کی کارروائی کا اختیار ختم کرینگے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے قومی احتساب بیورو (نیب) قوانین میں ترمیم کا فیصلہ کرتے ہوئے اس کا مسودہ تیار کر لیا ہے۔ مسودے کے مطابق ضمانت کا اختیار احتساب عدالت کو دینے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ پلی بارگین کرنے والا شخص دوبارہ اپنے عہدے پر بحال نہیں ہو سکے گا۔
وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اب دیوانی اور سول مقدمات کے فیصلے بھی ڈیڑھ سے دو سال میں ہوں گے۔ پاکستان کے تمام قوانین سے متعلق معلومات ایپ کے ذریعے حاصل کی جا سکیں گی۔
وزیر قانون کا کہنا تھا کہ سول قانون سے متعلق ترمیمی بل قائمہ کمیٹی نے منظور کر دیا ہے جس کی اپوزیشن کے تین ارکان نے بھی حمایت کی ہے۔