لاہور: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری (پی او ایف) واہ اور ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا کا بھی دورہ کیا۔ ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا کے دورے کے دوران ٹینکوں کو مزید جدید بنانے سے متعلق مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے پی او ایف واہ کے دورے کے دوران نئے یوریا فارمولیڈ ہائیڈ مولڈنگ کمپاؤنڈ کا افتتاح کیا اور پی او ایف کے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے شعبہ کی کامیابیوں کی تعریف بھی کی۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان آرڈیننس فیکٹری (پی او ایف) مشترکہ منصوبوں کے لیے اقدامات کرے۔ حکمت عملی سے بنائی جانے والی مصنوعات میں بہتری آئے گی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پی او ایف اور ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا میں بننے والے آلات سے خود انحصاری اور دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور دونوں قومی اداروں کی وجہ سے بچت بھی ہو رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دونوں فیکٹریوں میں بنائے جانے والے دفاعی اور سیکیورٹی آلات کے معیار کو سراہا۔