لاہور: (دنیا نیوز) کشمیر کے کیل سیکٹر باڈر پر شہید ہونے والے ایس ایس جی کے نائب صوبیدار احمد خان شہید کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
بزدل دشمن بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالے اپنی زندگی پاکستان پر قربان کرنے والے نائب صوبیدار احمد خان شہید کی نماز جنازہ آبائی علاقے تحصیل اٹک کے گاوں سقہ آباد کے قریب ڈھوک حسو خان سے متصل ڈھوک اکبری میں ادا کی گئی جس میں فوجی و سول افسران، سیاسی رہنماؤں اوراہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ شہید احمد خان کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا گیا۔
احمد خان شہید 1979میں یونین کونسل بولیانوال کے گاؤں سقہ آباد کی ڈھوک اکبری میں پیدا ہوئے، 1998 میں پاک آرمی میں ملازمت اختیار کی۔ 2002 میں ایس ایس جی میں شامل ہوئے اور شہادت کے وقت وہ ایس ایس جی کمانڈو نائب صوبیدار تھے۔
17 اگست کو سحری کے وقت کشمیر کے کیل باڈر پر شہید ہونے والے احمد خان شہید کے ورثاء میں بیوہ، دو بیٹیاں اور تین بیٹے ہیں۔ احمد خان شہید کے پانچ بھائی ہیں، ایک بھائی پاک فوج میں ہے اورایک ریسکیو1122 میں ہے تاہم ان کے والدین فوت ہو چکے ہیں۔