کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں بھی کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مودی کو دو ٹوک پیغام دیا گیا، بارہ بجتے ہی شہر بھر میں ٹریفک رک گیا۔ شہریوں نے گاڑیوں سے اتر کر قومی ترانہ پڑھا۔ طلبہ و طالبات، دفاتر میں کام کرنے والے، وکلا، سول سوسائٹی سمیت ہر ایک نے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ مزار قائد پر نکالی گئی ریلی میں گورنر سندھ، وزرا اور شاہد آفریدی سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
بھارت تجھ سے کشمیر لے کر رہیں گے۔ پاک وطن کی شہہ رگ کو چھین کر رہیں گے۔۔ کراچی والوں نے ہندوستان کو دوٹوک پیغام دے دیا۔ وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر شہرقائد کے باسی بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے۔ بارہ بجتے ہی پورے شہر میں 157 مقامات پر ٹریفک رک گیا، شہریوں نے قومی ترانہ پڑھا۔
کیا شہری کیا ٹریفک پولیس اہلکار، سب نے شارع فیصل میٹروپول سمیت دیگر مقامات پر کشمیریوں سے یکجہتی کا زبردست مظاہرہ کیا۔ طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد سڑکوں پر نظر آئی۔ نوجوانوں کا جوش و خروش آسمان چھو رہا تھا۔۔ وکلا نے بھی سندھ ہائی کورٹ سے سندھ اسمبلی تک ریلی نکالی۔ سٹی کورٹ میں بھی تقریب ہوئی۔ بحریہ ٹاون کراچی میں بھی رہائشیوں اور سینکڑوں ملازمین نے کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ سندھ سیکریٹریٹ کے ملازمین نے بھی مظاہرہ کیا۔
مزار قائدؒ پر ریلی کے دوران گورنر سندھ، شاہد آفریدی، رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت اور دیگر نے خطاب کیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ مودی نے کشمیر کی آزادی کی بنیاد رکھ دی، شروع بھارت نے کیا، کشمیر کی آزادی پر ختم پاکستان کرے گا۔
کرکٹ سٹار شاہد آفریدی نے کہا کہ تمام پاکستانی کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کر رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ مودی نے بھارت کو پوری دنیا میں ذلیل و رسوا کروا دیا، کراچی سے خیبر تک سب کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کشمیر پر ہمیشہ بات کی اور کرتا رہوں گا، میرے دادا کو کشمیر کے غازی کا خطاب ملا۔