کشمیر پر تمام جماعتیں اکٹھی ہونے جا رہی ہیں: شیخ رشید

Last Updated On 31 August,2019 03:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ بھارت میں ہمت ہے تو غلطی کر کے دیکھ لے، کشمیر پر تمام جماعتیں اکٹھی ہونے جا رہی ہیں، فضل الرحمان کشمیر سے متعلق لانگ مارچ میں میرے ساتھ ہونگے۔

 وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا بھارتی میڈیا میں ایک ہی خبر ہے شیخ رشید کو کرنٹ لگ گیا، مسئلہ کشمیر کا مذاکرات کے ذریعے حل دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، مودی سن لو بھارت میں 22 پاکستان بنیں گے، فضائی حدود کی بندش کا فیصلہ وزارت خارجہ نے کرنا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا آصف زرداری کے خیر خواہ کچھ دینے دلانے کی بات کر رہے ہیں، مسلم لیگ ن بھی کچھ دینے پر تیار ہو جائے تو بات بن سکتی ہے، عمران خان کسی صورت بھی این آر او نہیں دے گا، مرکز میں ن لیگ ٹو بننے جا رہی ہے، ن لیگ ٹو کی قیادت شہباز کرتے ہیں یا چودھری نثار کچھ نہیں کہہ سکتا، میں کہہ چکا ہوں کہ شہباز شریف میری پارٹی کے آدمی ہیں۔

ادھر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے جناح ایکسپریس کے کرائے میں 500 روپے کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا 6 ستمبر سے جناح ایکسپریس کا کرایہ 500 روپے کم کر رہے ہیں، 6 ستمبر کو بہاولپور ریلوے سٹیشن کا افتتاح کریں گے، سندھ میں بارشوں کی وجہ سے ریلوے نظام کو نقصان پہنچا، بارشوں نے مسافر ٹرینوں سے زیادہ مال گاڑیوں کو متاثر کیا۔