ملتان گھنٹہ گھر کی 135 سال پرانی عمارت ٹوٹ پھوٹ کا شکار

Last Updated On 01 September,2019 10:38 pm

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں گھنٹہ گھر کی 135 سال پرانی عمارت عدم توجہ کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہے۔

گھنٹہ گھر کی دیواریں اور چھت بوسیدہ حالت میں ہیں۔ عمارت میں نشے کے عادی افراد نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔

12 فروری 1884ء میں تعمیر کی گئی گھنٹہ گھر کی تاریخی عمارت تزئین آرائش نہ ہونے کے باعث اب کھنڈر بنتی جا رہی ہے۔ ٹوٹی پھوٹی دیواروں کیساتھ نشیوں کے ڈیرے اور ہر طرف کوڑا کرکٹ پھیلا ہوا ہے۔ شہر کی پہچان یہ ورثہ اب اندر سے بھوت بنگلہ دکھائی دیتا ہے۔

عمارت پر لگے گھڑیال پر وقت رک چکا ہے۔ بارش میں چھت کئی جگہوں سے ٹپکتی رہتی ہے اور کمروں میں موجود الماریاں دیمک کی نظر ہوتی جا رہی ہیں۔ تاہم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر کے مسائل کا حل ترجیح ہے جس کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

عمارت میں موجود جناح ہال انتظامیہ کی عدم توجہ کے باعث بے حال ہو چکا ہے۔ بوسیدہ حالت میں موجود شہر کے تاریخی ورثے کی خستہ حالی پر اب شہری بھی تشویش میں مبتلا ہیں۔