اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ قومی جذبہ ملکی دفاع کے لیے بہت ضروری ہے۔ زندہ قومیں ہمیشہ اپنے شہیدوں کو یاد رکھتی ہیں۔ میری درخواست ہے کہ شہدا کیلئے گلی، محلوں اور شہداء کے گھروں میں جائیں۔ کشمیر کے باعث فوج 72 سال سے حالت جنگ میں ہے۔ مودی کی وجہ سے کشمیر ایک عالمی مسئلہ بن گیا ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام نقطہ نظر میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم نے قربانیاں دی ہیں۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 81 ہزار سے زائد افراد نے جانوں کا نذرانہ دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ اپنی پریس کانفرنس میں بہت تفصیل سے بات کر چکا ہوں، جنگ کیا ہے، لڑنا کیسا ہے، ہمیں سب کچھ پتہ ہے، مسئلہ کشمیر پر دنیا نے دھیان نہیں دیا، موجودہ حکومت نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے اقدام کیخلاف زبردست قدم اٹھایا۔ اور دنیا میں سفارتی محاذ پر سرگرم ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے دنیا نے مسئلہ کشمیر پر کوئی خاص توجہ نہیں دی۔ لندن، برسلز، امریکا، بنگلہ دیش، ترکی، سری لنکا، انڈیا سمیت دیگر ممالک میں کشمیریوں کے حق میں عوام نے بھرپور احتجاج کیا۔ لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے، ایل او سی پر بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ بھارتی فورسز شہری آبادیوں کو زیادہ تر نشانہ بناتی ہے، ہمارے جذبے کبھی کمی نہیں آئے گی۔
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پاک فوج 72 سال سے کشمیریوں کیساتھ ہے، جنگ جاری ہے، یہ جنگ اس وقت جاری رہے گی جب تک کشمیریوں کو حق خود ارادیت نہیں مل جاتی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں، 27 فروری جیسا جو جواب دیا تھا ایسا دوبارہ دیں گے، اگر بھارت نے کوئی غلطی کرنے کی کوشش کی تو ہم تیار ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کہنا تھا کہ پاکستان جیسا کوئی ملک، کوئی عوام اور کوئی فورسز نہیں ہیں۔ ہمیں اپنے ادارے پر بہت فخر ہے۔ 6 ستمبر کے حوالے سے تقریب جی کیو ایچ میں ہو رہی ہے۔ تقریب ساڑھے 8 بجے ہوگی۔ مرکزی تقریب میں شہدا پر شارٹ فلم بنائی ہے، سب سے درخواست ہو گی عوام تقریب کو ضرور دیکھیں۔
شہداء سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی شہدا کی فیملی کا خیال رکھنے کے حوالے سے پاک فوج کی تعریف کی ہے۔ ہمارے ہاں ویلفیئر اداروں کا زیادہ تر حصہ شہدا پر خرچ کیا جاتا ہے۔ شہدا کی فیملی کا ہرممکن خیال رکھا جاتا ہے، حکومت اپنے وسائل کے مطابق شہدا کا خیال رکھتی ہے۔
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی طرف سے شہداء کے خاندان کو فری تعلیم دینا بہت اچھا قدم ہے، انہوں نے بہت اچھا قدم اٹھایا ہے۔
اس سے قبل پنجاب یونیورسٹی کے وی سی ڈاکٹر نیاز اختر نے پروگرام ’’نقطہ نظر‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہداء کے بچوں کا خیال رکھنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔ شہدا کے بچوں کی ہرممکن مدد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کا شہدا کے بچوں کومفت اعلیٰ تعلیم دینے کا اعلان کرتا ہوں۔ سرحدوں کا دفاع کرنے والوں پرفخرہے، شہدا کے گھروں میں بھی جائیں گے۔