اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب نے رکن سندھ اسمبلی شرجیل میمن کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔ بابر غوری، سینیٹر کلثوم پروین اور فواد حسن فواد کے خلاف نئی انکوائری بھی شروع کی جائے گی۔ نیب آئندہ ٹیکس سے متعلق مقدمات کی تفتیش نہیں کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب کے زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں کرپشن کے تین نئے ریفرنسز اور 12 انکوائریوں کی منظوری دی گئی جبکہ ٹیکس سے متعلق مقدمات ایف بی آر کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔
چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے پر رکن سندھ اسمبلی شرجیل میمن، سابق ایم ڈی پی ایس او عرفان خلیل قریشی اور عبدالحمید کے خلاف ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دی۔
اس کے علاوہ سابق وفاقی وزیر بابر غوری، سینیٹر کلثوم پروین اور سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعظم فواد حسن فواد کے خلاف بھی نکوائری کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ رکن صوبائی اسمبلی سید اویس شاہ، علی غلام نظامانی اور سعید خان نظامانی کے خلاف بھی جانچ پڑتال ہوگی۔
اس موقع پر چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے۔ گزشتہ 22 ماہ میں 71 ارب برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے جو ایک ریکارڈ ہے۔