پاکپتن: (دنیا نیوز) پاکپتن میں عرس بابا فریدؒ پر ناقص انتظامات کے سبب پولیس نے زائرین پر لاٹھی چارج شروع کر دیا جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے، دم گھٹنے سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔
پاکپتن میں وی آئی پی لوگوں کو بہشتی دروازے سے گزارنے پر بھگدڑ مچ گئی، پولیس نے انتظامات درست کرنے کی بجائے زائرین پر بدترین لاٹھی چارج شروع کر دیا جس کے باعث دور دور سے آنے والے کئی زائرین زخمی ہو گئے۔
پولیس ڈیوٹی چھوڑ کر سیکورٹی گاڑیوں میں عزیز و اقارب کو بہشتی دروازے سے گزارنے میں مصروف رہی، زائرین میں شامل ایک شخص کا پولیس تشدد اور بھگدڑ کے سبب دم گھٹ گیا اور وہ بے ہوش ہو کر گر پڑا۔ زائرین پر پولیس تشدد کی فوٹیج منظر عام پر آ گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی پاکپتن کے دربار پر طاقت کے نشے میں دھت ایس ایچ او نے ایک بزرگ کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس پر اسے معطل کر دیا گیا تھا تاہم آج پولیس تشدد کا ایک اور واقعہ پیش آ گیا۔