پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا حکومت کے بلین ٹری منصوبے میں آگ کے واقعات میں 3 کروڑ روپے سے زائد کے پودے جل گئے، 4 سال کے دوران صوبے میں جنگلات کی 433 سائیٹس متاثر ہوئیں، زیادہ ریجن ٹو متاثر ہوا۔
دنیا نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کے بلین ٹری سونامی منصوبے میں صرف سال 2018-19ء میں دو کروڑ 90 لاکھ روپے کے پودے آگ میں جل گئے، صوبے میں جنگلات کا اٹھارہ سو ہیکٹر رقبہ متاثر ہوا۔
محکمہ جنگلات کی رپورٹ کے مطابق چار سالوں میں بلین ٹری منصوبے کی 433 جگہوں میں آگ لگنے کے واقعات پیش آئے۔ سال 2015-16 میں 16 سائیٹس کے 370ہیکٹر رقبے میں آگ لگی، 2016-17 میں آگ سے 109 سائیٹس متاثر ہوئیں جبکہ 2016-17 میں 14سو ہیکٹر سے زائد رقبہ متاثر ہوا،2017-18 میں 169سائیٹس میں آگ کے واقعات پیش آئے۔
ذرائع کے مطابق آگ لگنے کے واقعات سے سب سے زیادہ صوبے کا ریجن ٹو متاثر ہوا، جس میں ہری پور17، سرن 12، داوڑ میں 24 سائیٹس آگ سے متاثر ہوئیں، ریجن ون میں ڈی آئی خان میں 23 سائیٹس میں آگ لگی۔ صوبے میں رواں سال بلین ٹری منصوبے کے تحت 3 ریجن میں 14 لاکھ سے زائد پودے آگ سے متاثر ہوئے۔
محکمہ جنگلات کی جانب سے ایک طرف صوبے میں آگ لگنے کے واقعات کی 129 ایف آئی آرز درج کی گئیں ہیں تو دوسری جانب انسپکشن ٹیم کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔