اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کیلئے پاکستان ہر حد تک جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایٹمی جنگ کے خطرناک نتائج ہونگے، پاکستانی قوم آخری سانس تک لڑنے والی قوم ہے، پاکستان جنگ کا آغاز نہیں کرنا چاہتا، جنگیں مزید مسائل کا سبب بنتی ہیں۔ انہوں نے کہا امن پسند ہوں اور جنگ کے خلاف ہوں، میرا یقین ہے جنگ سے مسائل حل نہیں ہوتے، آپ ایک مسئلہ حل کرنے کے لیے جنگ کرتے ہو تو تین چار اور مسائل سامنے آجاتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا جنگ سے غیر متوقع نتائج سامنے آتے ہیں، اب تک افغانستان اور عراق میں بھی جنگیں ہوچکی ہیں، ان سے دوسرے مسائل سامنے آگئے، ایسے مسائل جو جنگ کی وجہ بننے سے بھی شدید ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا پاکستان نے تمام مذاہب کے لوگوں کو مذہبی آزادی دی، اقلیتوں کے ساتھ برا سلوک آئین کی خلاف ورزی ہے جبکہ بھارت آر ایس ایس کے نظریے پر عمل پیرا ہے۔