اسفند یار ولی کی افغان صدر اشرف غنی سے خصوصی ملاقات

Last Updated On 20 September,2019 08:23 pm

کابل: (دنیا نیوز) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے افغانستان کے صدر اشرف غنی سے خصوصی ملاقات کی ہے۔

دنیا نیوز کے مطابق اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی نے افغان صدر اشرف غنی سے ایک اہم ملاقات کی ہے، ملاقات میں باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ملاقات میں اسفند یار ولی خان کے ساتھ اے این پی کے جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین، بلوچستان کے صدر اصغر خان اچکزئی اور عابد خان بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران افغان صدر اشرف غنی کا کہنا تھا کہ غربت و توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے پاکستان دوستی کا ہاتھ صدق دل سے بڑھائے، ڈیورنڈلائن کے پار ادیب، دانشوروں اور محققین کی تحاریر افغانستان میں شائع کی جائیں گی۔

اس موقع پر اے این پی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاک افغان مذاکرات میں امریکا، چین اور روس ثالث کا کردار ادا کریں، دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں نقصان دونوں اطراف بسنے والے پختونوں کا ہو رہا ہے۔

 

اسفند یار ولی کا مزید کہنا تھا کہ افغان حکومت کی ملکیت کے بغیر ہونے والے مذاکرات افغان عوام کیلئے قابل قبول نہیں ہو سکتے۔ پاکستان کے ساتھ غلط فہمیوں کے خاتمے کیلئے افغان حکومت اپنا مثبت کردار ادا کرے۔

 

Advertisement