چارسدہ : (دنیا نیوز) چارسدہ کی تحصیل تنگی کے علاقہ باجوڑو کلی میں تیز موٹر کار ڈرایئور سے بے قابو ہو کر نہر سوات میں گرنے سے دو بچوں اور خاتون سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
حادثے میں جاں بحق افراد میں میاں بیوی اور انکے دو بچے شامل ہیں جو منگنی کی ایک تقریب میں شرکت کیلئے ضلع مہمند کے علاقہ یکہ غنڈ سے شاخ نمبر 6 جا رہے تھے کہ باجوڑو کلی میں انکی موٹر کار تیز رفتاری کے باعث سڑک سے ملحقہ نہر سوات میں گر گئی۔
حادثے میں قمر ولد باور خان نامی شخص، اسکی اہلیہ اور دو بچے بلال اور محمد موقع پر جاں بحق جبکہ گاڑی کا ڈرائیور صالح شدید زخمی ہوگیا۔ حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے میتوں اور زخمی شخص کو باہر نکال کر ٹی ایچ کیو ہسپتال تنگی منتقل کیا جہاں سے زخمی ڈرائیور کو پشاور کے ایل آر ایچ منتقل کیا گیا ہے۔