کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت کا صفائی مشن جاری، وزیراعلی سندھ نے دوسرے روز بھی شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ مراد علی شاہ کہتے ہیں جو کام بلدیاتی اداروں کو کرنا تھا وہ سندھ حکومت کر رہی ہے۔ مراد علی شاہ نے مخالفین پر سیوریج لائنیں بلاک کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔
وزیراعلی کی صفائی مہم کے دوران دوسرے روز بھی تابڑ توڑ دورے جاری رہے۔ صبح سویرے وزیراعلی ہاؤس سے مراد علی شاہ نکلے اور لیاری پہنچے۔ شہریوں سے ملاقاتیں کیں اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔
لیاری میں ڈی آئی جی سی آئی اے کے دفتر کے باہر موجود کچرہ پر وزیراعلی نے برہمی کا اظہار کیا اور حکام کو فوری کچرہ اٹھانے کی ہدایت کی۔ مراد علی شاہ نے مچھر کالونی ہاکس بے روڈ اور مشرف کالونی کا دورہ بھی کیا۔ صفائی ستھرائی کے کاموں کا جائزہ لیا۔
بھینس کالونی پہنچنے پر جیالوں نے وزیراعلی کا استقبال کیا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا اداروں کا کام ہمیں کرنا پڑ رہا ہے۔
مراد علی شاہ نے مخالفین پر سیوریج لائنوں میں پتھر پھینکنے کا الزام بھی عائد کیا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کراچی کو صاف ستھرا کر کے متعلقہ ڈی ایم سیز کے حوالے کریں گے۔ وزیر اعلی کے دورے کے موقع پر صوبائی وزراء بھی انکے ہمراہ تھے۔