لاہور: (دنیا نیوز) لاہورمیٹروبس ٹریک کی خوبصورتی کے نام پر 12کروڑوں روپے کی ہیرا پھیری کا انکشاف ہوا ہے۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی سپیشل آڈٹ رپورٹ نے کارکردگی کا پول کھول دیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ایچ اے اور ٹھیکیداروں کی مبینہ ملی بھگت سے خزانے کو نقصان پہنچایا۔ میٹرو بس ٹریک کی خوبصورتی پر 11 کروڑ 84 لاکھ 95 ہزار روپے کی بے ضابطگیاں کی گئیں۔
آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ٹریک پر پودے ہی نہ لگے، فنڈز ریکارڈ سے غائب کر دئیے گئے۔ پی ایچ اے افسران کا انتظامی کنٹرول انتہائی ناقص پایا گیا۔ آڈیٹر جنرل نے پی ایچ اے کے متعلقہ حکام کے خلاف محکمانہ کارروائی کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔