فیصل آباد: (دنیا نیوز) ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف احتجاجی ڈاکٹروں نے فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال میں ایم ایس اور وائس چانسلر کو آفس میں بند کر دیا، ہسپتال کے ڈینگی وارڈز میں بجلی کے بریکر بند کر دیئے۔
مطالبات منوانے کے لئے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف نے الائیڈ اور سول ہسپتال کے آوٹ ڈورز بند کر دیئے، ریڈیالوجی اور آپریشن تھیٹر بند ہیں، مریض خوار ہو رہے ہیں، مسیحائی کے دعویداروں نے اپنے ہی ایم ایس اور وائس چانسلر کو آفس میں بند کر دیا۔
ینگ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکلا سٹاف کا ایم ایس آفس کے سامنے دھرنا جاری ہے، ڈاکٹرز نے ہسپتال میں ڈینگی وارڈز کی بجلی بند کر دی، موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا مریضوں کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں، وارڈز میں ڈینگی کے 18 مریض زیر علاج ہیں۔
ادھر پشاور میں ڈاکٹرز تنظیموں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں احتجاج شروع کر دیا، ڈاکٹروں نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس کا کہنا ہے ڈسٹرکٹ اینڈ ریجنل ہیلتھ اتھارٹی ایکٹ قبول نہیں، کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے ایل آر ایچ میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔