الیکشن کمیشن کا ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا اعلان

Last Updated On 27 September,2019 05:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ای سی پی کی جانب سے چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کو حکم دیا گیا ہے کہ انتخابی فہرستوں کی جلد تیاری یقینی بنائی جائے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے مطابق اکتوبر 2019ء سے چاروں صوبوں کے تمام اضلاع میں ووٹرز آگاہی مہم شروع کی جائے گی اور اس مقصد کے لیے ڈسپلے سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔

ووٹرز کو انتخابی شیڈول جاری ہونے سے قبل اپنے ووٹ کے اندراج اور تصحیح کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017ء کے تحت ووٹ کا اندراج صرف مستقل یا عارضی پتا پر ہی کرایا جاسکے گا۔

الیکشن کمیشن نے صوبوں کو انتخابی قواعد کی بھی جلد تیاری کی ہدایت کر رکھی ہے۔