اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس ڈیڑھ سال بعد الیکشن کمیشن میں سماعت کیلئے مقرر ہو گیا۔ تحریک انصاف اور اکبر ایس بابر کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے۔
2014 میں اکبر ایس بابر کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر تحریک انصاف پارٹی فنڈنگ کی تحقیقات کیلئے مارچ 2018 میں خصوصی کمیٹی بنائی گئی، کمیٹی میں الیکشن کمیشن کے ڈی جی لا ونگ اور آڈیٹر جنرل آفس کے 2 افسران شامل کیئے گئے، کمیٹی نے تحریک انصاف سے اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی طلب کیں، الیکشن کمیشن نے معاملہ یکم اکتوبر کو سماعت کیلئے مقرر کرتے ہوئے تحریک انصاف اور اکبر ایس بابر کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔
الیکشن کمیشن اس سماعت میں خصوصی کمیٹی کی پیش رفت رپورٹ کا جائزہ لے گا۔ واضح رہے کہ اکبر ایس بابر نے الزام عائد کیا تھا کہ تحریک انصاف نے ممنوعہ ذرائع سے فنڈز لے کر الیکشن کمیشن سے غلط بیانی کی۔