وزیراعظم نے یو این میں مسئلہ کشمیر صحیح طریقے سے پیش نہیں کیا: بلاول

Last Updated On 27 September,2019 10:59 pm

گھوٹکی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پر کشمیر کا مسئلہ درست طریقے سے پیش نہیں کیا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ سمجھا جا رہا تھا کہ وزیراعظم کی تقریر سے انقلاب آنا تھا۔ انہوں نے ایسا کوئی بیانیہ نہیں دیا جو مانا جا سکے۔ وزیراعظم نے جنرل اسمبلی اجلاس میں مسئلہ کشمیر صحیح طریقے سے پیش نہیں کیا۔

 

چیئر مین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ کاش وزیراعظم 50 روز پہلے پوری دنیا کے دورے کرتے اور مسئلہ کشمیر کو اٹھاتے۔ کاش 50 روز پہلے وزیراعظم نیویارک پہنچتے۔

مسئلہ کشمیر کے بارے میں بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کشمیر کاز کو اٹھانے میں ناکام ہو چکی ہے۔ کشمیر کے مسئلے کو مل کر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ بھٹو نے ملک کیلئے3 روز میں 10 ممالک کا دورہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے عمران خان کو گھر جانا پڑے گا، پیپلز پارٹی نے اسلامو فوبیا کیخلاف آواز اٹھائی، جس نےانسانی حقوق کی ملک میں دھجیاں اڑائیں وہ کشمیریوں کا مقدمہ کیا لڑے گا۔

چیئر مین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ گھوٹکی کےعوام نے سازشی عناصر کو ناکام بنایا۔ ہمیشہ مظلوموں اور غریبوں کا ساتھ دیا، قائد اعظمؒ اور شہید بھٹو کے اصولوں پر چلتے رہیں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی فضل الرحمان کے ساتھ کھڑی ہے، ہمیشہ دھرنوں کی مخالفت کی ہے، دعا ہے فضل الرحمان کا احتجاج کامیاب ہو، مولانا احتجاج کریں اور ہم اپنے طور پر احتجاج جاری رکھیں گے، پورے ملک میں مختلف علاقوں کا دورہ کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بغیر کسی ثبوت کے تمام سیاسی مخالفین گرفتار کر لیے گئے، 200 ارب واپس لانے کا وعدہ کہاں گیا، اگر 200ارب لوٹے گئے تو کہاں ہیں، حکومت آج تک بیرون ملک سے ایک روپیہ بھی واپس نہیں لاسکی۔ کرپشن کا راگ الاپ کر معاشی حقوق کا قتل کیا گیا۔

چیئر مین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی اور بیروز گاری عروج پر ہے، آصف زرداری کو طبی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں، جمہوریت پر سمجھوتہ نہیں کرینگے۔ ہم کٹھ پتلی حکومت کا مقابلہ کریں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کر کے عوام سے نوکریاں چھین لی گئیں، عوام کو گھر دینے کا وعدہ کرنے والے ان کے گھر چھین رہے ہیں۔