اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران نے ٹرمپ سے مل کر کشمیر پر سودے بازی کی، ان کیساتھ ہر محاذ پر لڑیں گے، ان کا ہر نعرہ دھوکا اور ہر وعدہ جھوٹا نکلا۔
آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کی تجویز نہ مان کر آصف زرداری کو قتل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کٹھ پتلی کے دباؤ کی وجہ سے اصولوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اگرخدانخواستہ انھیں کچھ ہوا تو یہی نامزد لوگ قصوروار ہونگے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ یہ سب کچھ ایک تماشا ہے۔ عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا گیا ہے۔ غریب عوام کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان نے چادر اور چار دیواری کو پامال کر دیا ہے، وہ ایسا کرکے مخالفین کو توڑ نہیں سکتے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آصف زرداری اور نواز شریف کو جیل میں بند کر دیا تو اب پاکستان سے کرپشن ختم کیوں نہیں ہو رہی؟