گلگت: (دنیا نیوز) چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر جوان اور معصوم شہری ہندوستانی بمباری سے شہید ہو رہے ہیں۔ مودی نے کشمیر پر تاریخی حملہ کر دیا ہے۔ مقبوضہ وادی میں مودی سرکار نے ظلم کی انتہا کر دی ہے۔
گلگت بلتستان کے علاقے خپلو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم پر سلیکٹڈ وزیراعظم مسلط کیا گیا ہے، اسے بین الاقوامی تعلقات، خارجہ پالیسی کا پتہ نہیں، معیشت کو بھی تباہ کر دیا ہے۔ روپیہ نیچا اور مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے۔ غربت اور بیروز گاری میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ جتنے قرض پاکستان پیپلز پارٹی نے پانچ سال میں نہیں لیے تھا عمران خان حکومت نے ایک سال میں اس سے زیادہ لے لیے ہیں۔
چیئر مین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کہتے تھے کہ خوشی کر لوں گا، قرض نہیں لوں گا۔ آج یہاں آ کر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو پہلی وزیراعظم تھیں جو سیاچن پہنچی تھیں۔ بھٹو شہید نے گانچھے کو ضلع کا درجہ دیا، کسی حکومت نے گلگت بلتستان کا نہیں سوچا۔
چیئر مین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عوامی حکومت تھی، غربت، نوجوانوں کو روزگار کے لیے ہم نے گلگت میں کیا۔ ملک کو جب بھی دفاع کی ضرورت پڑی گلگت بلتستان نے ہمیشہ سب سے آگے کردار ادا کیا ہے۔ دشمنوں کے سامنے سینہ سپر ہوئے ہیں، یہاں کے شہیدوں اور غازیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میں شہیدوں کا وارث ہوں، میرے بڑوں نے اس ملک اور عوام کے لیے شہادت قبول کی۔ اس ملک کی سلامتی کے لیے جان دینے کے لیے تیار ہیں۔ ملک مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے، حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔ عوام میں بے چینی بڑھتی جا رہی ہے۔ پورا ملک غیر یقینی صورتحال سے گزر رہا ہے۔