اسلام آباد: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال میں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے نماز عید مظفر آباد (آزاد کشمیر) میں ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یہ فیصلہ آل پاکستان حریت کانفرنس کے رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے اسلام آباد میں حریت رہنماؤں کیساتھ ملاقات کی جس میں انہوں نے پیپلز پارٹی قیادت کو کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیر کیلئے ہزار سال تک لڑنے کا اعلان کیا تھا۔ کشمیریوں کی پاکستان سے وفا ہمارے لئے فخر کی بات ہے۔ کشمیریوں کی وفا کا بدلہ ہر پاکستانی وفا نبھا کر دے گا۔
آصف زرداری نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ بھارت کو اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کا پابند کرے۔