اسلام آباد: (دنیا نیوز) آل پارٹیز کشمیر کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے آرٹیکل 370 کو ختم کرکے کشمیری تشخص کے خاتمے اور ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی سازش کی، کشمیر کی تقسیم کا کوئی فارمولا قبول نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر خان کے زیر صدارت کل جماعتی کشمیر کانفرنس منعقد ہوئی جس میں آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بھارتی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے مودی سرکار کو کشمیری تشخص کو ختم کرنے کی سازش کی مرتکب قرار دیا گیا۔
کانفرنس کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے دفعہ 370 ختم کرکے کشمیری تشخص ختم کرنے کی کوشش کی ہے، بھارت کا فیصلہ اقوام متحدہ کی قرادادوں کی خلاف ورزی ہے۔ بھارت کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ کشمیریوں کو قتل کرنے کیساتھ ساتھ ہجرت پر بھی مجبور کیا جا رہا ہے۔
کل جماعتی کشمیر کانفرنس نے تجویز دی کہ پاکستان شملہ معاہدے سمیت تمام دو طرفہ معاہدوں سے دستبردار ہونے کا اعلان کرے۔ اقوام متحدہ سمیت موثر بین الاقوامی اداروں کو متحرک کرنے کیلئے جارحانہ سفارتی مہم شروع کی جائے۔ پاکستان او آئی سی کا خصوصی اجلاس طلب کرے اور پاکستان کی سیاسی قیادت عیدالاضحیٰ آزاد کشمیر میں منائے۔