پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کابینہ نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی فیصلے کے خلاف قرار داد منظور کرلی ۔
کابینہ نے خیبر پختونخوا ٹورازم بل کی منظوری دے دی۔ سیاحتی مقامات پر گورنر ہائوس، وزیراعلیٰ اور سپیکر ہاؤس سمیت پولیس ریسٹ ہاؤسز کو عوام کے لیے کھول دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ محمود خان کے زیر صدارت ہوا جس میں کشمیر سے متعلق بھارتی فیصلے کے خلاف قرارداد منظور کی گئی، قرارداد میں کشمریوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا گیا۔
سینئر وزیر عاطف خان کا بریفنگ میں کہنا تھا کہ کابینہ نے خیبر پختونخوا ٹورازم بل کی منظوری دی۔ سیاحتی مقامات پر 174 سرکاری گیسٹ ہاؤسز کو محکمہ سیاحت کے حوالے کر دیا گیا ہے جن میں 49 ریسٹ ہاؤسز کی آن لائن بکنگ شروع کر دی گئی ہے۔
وزیر سیاحت کے مطابق بل کے تحت ٹورازم اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس میں خصوصی پولیس ونگ بھی ہوگا۔