بیجنگ: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ چین مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر سیکیورٹی کونسل میں پاکستان کی حمایت کرے گا، چین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدام کو یکطرفہ قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی مقبوضہ جموں وکشمیر کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر اہم سفارتی مشن پر چین پہنچ گئے ہیں۔
سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام اس اہم دورہ میں وزیر خارجہ کے ہمراہ ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی چینی قیادت کو مقبوضہ جموں وکشمیر سے متعلق بھارت کے غیر آئینی اقدامات اور بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کریں گے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی بیجنگ میں سٹیٹ گیسٹ ہاؤس پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ کافی دیر تک تالیوں کی گونج میں پاک چین دوستی زندہ باد کے نعرے لگتے رہے۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور گلے ملے۔
اس موقع پر پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ کے مابین تہنیتی جملوں کا تبادلہ ہوا۔ بعد ازاں دونوں رہنماؤں کے درمیان مسئلہ کشمیر اور بھارتی اقدام سے خطے میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پر اہم ملاقات ہوئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی ہم منصب کو بھارتی بربریت سے آگاہ کیا۔
چین پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت یکطرفہ غیر آئینی اقدامات سے خطے میں امن وامان کو تہہ وبالا کرنے کے درپے ہے۔ چین، پاکستان کا دیرینہ دوست ہونے کیساتھ ساتھ، خطے کا اہم ملک ہے، اس لئے چینی قیادت کو اس ساری صورتحال پر اعتماد میں لوں گا۔
وزیر خارجہ نے وفد کی سطح پر بھی چینی حکام سے ملاقاتیں کیں۔ وزیر خارجہ نے بتایا کہ چین کی خواہش ہے کہ مسئلہ کشمیر پرامن طریقے سے حل ہو اور اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے، بھارتی اقدامات سے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
Minister of Foreign Affairs Shah Mahmood Qureshi Media Talk after Meeting Chinese State Councilor and Foreign Minister Wang Yi in Beijing China (09.08.19)#PTI @SMQureshiPTI pic.twitter.com/Yi04oUAlGh
— PTI (@PTIofficial) August 9, 2019