جہاز میں فنی خرابی: وزیراعظم عمران خان کا وطن واپسی کا پروگرام تبدیل

Last Updated On 28 September,2019 11:21 am

نیویارک: (دنیا نیوز) جہاز میں فنی خرابی کے باعث وزیراعظم عمران خان کا وطن واپسی کا پروگرام تبدیل ہو گیا، اب وہ کل صبح کمرشل پرواز سے پاکستان آئیں گے، طیارہ ساڑھے 5 گھنٹے کی پرواز کے بعد ٹورنٹو سے واپس نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر لینڈ کر گیا۔

 وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے طیارے پر وطن روانہ ہوئے تھے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفد کے دیگر ارکان بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے طیارے کی خرابی دور نہ کی جاسکی، جس کے بعد وہ ایئرپورٹ سے واپس ہوٹل پہنچ گئے، وزیراعظم عمران خان رات نیویارک میں ہی گزاریں گے۔

 روانگی سے قبل وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش سے ملاقات کی اور عالمی ادارے اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ دیرینہ تنازع جموں و کشمیر کے حل میں مدد اور انسانی جانیں بچانے کیلئے فوری اقدامات کرے، جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس کے موقع پر یہ ملاقات ہوئی۔

وزیراعظم عمران خان نے تنازع کشمیر پر دوٹوک انداز میں اقوام متحدہ کا موقف پیش کرنے پر سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش کی تعریف کی۔ انہوں نے انہیں مقبوضہ کشمیر میں 54 روز سے 80 لاکھ افراد کے جاری محاصرے اور مواصلاتی بلیک آؤٹ سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ ایسا ہولناک لاک ڈاؤن حالیہ تاریخ میں کہیں نہیں ہوا، اس محاصرے کو ہٹانے کیلئے صرف زور دینا کافی نہیں بلکہ محاصرے کے خاتمہ کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اس معاملہ پر نظر رکھیں گے اور پیغام دیا کہ وہ تنازع کے پر امن حل کیلئے اپنی مدد کی پیشکش پر قائم ہیں۔

Advertisement