اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی تبدیل

Last Updated On 30 September,2019 10:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے اہم سفارتی عہدوں پر نئی تقرریوں کی منظوری دے دی ہے، ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو تبدیل کر کے ان کی ذمہ داریاں منیر اکرم کو دے دی گئی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق وزیر اعظم نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اہم سفارتی عہدوں پر نئی تقرریاں کی ہیں، نئی تقرریوں میں ایڈیشنل سیکرٹری محمد اعجاز کو ہنگری میں سفیر مقرر کر دیا ہے، سجاد حیدر کویت میں پاکستان کے سفیر کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹرل جنرل یو این خلیل احمد ہاشمی کو جنیوا میں پاکستان کا مستقل مندوب مقرر کیا گیا ہے، کونسلر جنرل ٹورنٹو عمران احمد صدیقی کو ڈھاکا میں ہائی کمشنر مقررکردیا گیا۔

 

ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق احسن کے کے وگن کو امان میں سفیر مقرر کیا گیا ہے، میجر جنرل محمد سعد خٹک کو سری لنکا میں ہائی کمشنر تعینات کر دیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ابرار حسین ہاشمی کو ہیوسٹن میں پاکستان کا قونصل جنرل مقرر کردیا گیا، عبدالحمید کو ٹورنٹو میں قونصل جنرل مقرر کردیا گیا۔

 

اقوام متحدہ میں پاکستان کی سابق مندوب ملیحہ لودھی نے اپنی جگہ تعینات ہونے والے منیر اکرم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی کامیابی کیلئے دعا کی ہے۔